راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں جرگے کے حکم پر قتل ہونے والی لڑکی سدرہ عرب کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔
سنیچر کو سول جج نے مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کا حکم بھی دیا تھا۔ راولپنڈی پولیس نے تین گرفتار ملزمان کو مقدمے کے ریکارڈ کے ہمراہ عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان میں گورکن راشد محمود، قبرستان کے امور کے سیکریٹری محمد سیف الرحمن اور لاش کو قبرستان منتقل کرنے کے لیے رکشہ فراہم کرنے والے خیال محمد شامل ہیں۔تھانہ پیرودھائی میں مقتولہ سدرہ کی گمشدگی کا مقدمہ 21 جولائی کو دن دو بج کر 40 منٹ پر درج کیا گیا اور ان کے شوہر مدعی ضیا الرحمان نے الزام عائد کیا کہ اُس کی ’اہلیہ سدرہ اب عثمان نامی شخص کے ساتھ نکاح پر نکاح کے بعد رہائش پذیر ہے۔ اور رابطہ کرنے پر اُن کے گھر والے واپس کرنے سے انکاری ہیں۔‘تین دن تفتیش کے دوران پولیس کو اہل علاقہ اور اپنے مخبروں کے ذریعے معلوم ہوا کہ دراصل ضیا الرحمان کی اہلیہ سدرہ لاپتہ ہوئیں اور نہ ہی خود سے کہیں گئی ہیں بلکہ اُن کو جرگے کے فیصلے کے ذریعے ’غیرت کے نام پر قتل‘ کر کے لاش قریبی قبرستان میں دفن کی گئی ہے۔