’پہلگام واقعے میں مقامی دہشت گرد ملوث ہو سکتے ہیں‘، بی جے پی چدم برم کے بیان پر برہم

image

انڈین پارلیمان میں آپریشن سندور پر بحث سے قبل سابق وزیر داخلہ اور کانگریس کے رہنما پی چدم برم کے بیان سے سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جس کو بی جے پی ’پاکستان کے لیے کلین چٹ‘ قرار دے رہی ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’پہلگام واقعے میں مقامی دہشت گرد ملوث ہو سکتے ہیں اور اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ قاتل پاکستان سے آئے تھے۔‘

تاہم بھارتیہ جنتنا پارٹی (بی جے پی) کے سخت ردعمل کے بعد چدم برم کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کو غلط طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

چدم برم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس کو ’غلط معلومات کی مہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کمنٹس کو کہیں پر خاموش کر کے اور کہیں پر تراش خراش کے بعد غلط رنگ میں پیش کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹرولز مختلف ٹولز کے ذریعے غلط معلومات پھیلاتے ہیں اور اس کی سب سے گھناؤنی شکل یہ ہے کہ پورے ریکارڈڈ انٹرویو میں صرف دو جملوں کو اچھالا جائے۔‘

انڈیا میں یہ نیا تنازع ان کے کوئنٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے بعد پیدا ہوا ہے۔

جس میں انہوں نے حکومت کے ان ثبوتوں پر سوال اٹھایا جن کی بنا پر 22 اپریل کو ہونے والے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑا گیا۔

انہوں نے انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ ’کیا انہوں نے دہشت گردوں کی شناخت ظاہر کی کہ وہ کہاں سے آئے، میرا مطلب ہے کہ وہ مقامی دہشت گرد ہو سکتے ہیں۔ ہم یہ اندازہ کیوں لگا رہے ہیں کہ وہ پاکستان سے آئے جبکہ اس کا کوئی ثبوت بھی نہیں ہے۔‘

انڈیا نے پاکستان پر پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کی پاکستان نے تردید کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

بی جے پی نے اس پر انتہائی شدید ردعمل کا اظہار کرتے کانگریس پر پاکستان کے بیانیے کو پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔

چدم برم کے انٹرویو کے بعد بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’کانگریس نے ایک بار پھر پاکستان کو کلین چٹ دے دی ہے اور اس بار یہ پہلگام واقعے کے بعد ہوا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسا کیوں ہے کہ کسی بھی واقعے کے بعد کانگریس کے رہنما اسلام آباد کے وکلا کی طرح کا لب و لہجہ اپناتے ہیں۔‘

بی جے پی کے رکن اسمبلی نشیکانت دوبے نے ایک قدم مزید آگے بڑھتے ہوئے کانگریس کو ایک ’غدار آرگنائزیشن‘ قرار دیا۔

جوہری پڑوسی ممالک نے ایک دوسرے پر فضائی حملے بھی کیے تھے (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’راہل گاندھی نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ ایک ایم او یوز پر دستخط کیے، انہوں نے ملک کو بیچنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن وزیراعظم مودی بیچ میں آ گئے۔‘

ان کے مطابق ’اب وہ ایک مضبوط قیادت کو ہضم نہیں کر پا رہے۔‘

کچھ ایسے ہی جذبات کا اظہار جے پی کے دوسرے رہنماؤں کی جانب سے بھی سامنے آیا ہے۔

رکن اسمبلی دیپک پراکاش نے بھی کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ غداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے لیڈرز کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔‘

خیال رہے 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس کے بعد انڈیا نے اس میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کی اسلام آباد نے تردید کی تھی۔

انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کیا اور سات اور 10 مئی کو دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مختلف مقامات پر حملے بھی کیے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow