ضلع باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے 16 دیہات میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں تین روزہ کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق 29 سے31 جولائی تک صبح5 سےشام 5بجے تک کرفیو کا نفاذ ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے آپریشنز کے پیش نظر کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
کرفیو کے دوران شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کرفیو بادسیاہ، ترخو، ایراب، گٹ، اگرہ، خوڑچئے اور داواوگئی کے علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں کلان، لغڑئے، کٹکوٹ، گیلئے، نختر، زرئے، ڈمبرئے، امانتا اور زگئے بھی شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں کیونکہ یہ اقدامات علاقے میں امن کی بحالی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ کرفیو کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔