اسلام آباد کے ایس پی کی گولی لگنے سے ہلاکت، پولیس کا خودکشی کا دعویٰ

image

اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ ایک نجی ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر اسٹاف سے پسٹل لے کر خود پر گولی چلا لی۔

واقعے کے فوراً بعد ایس پی عدیل اکبر کو شدید زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر نے خود کو سینے پر گولی ماری، جبکہ سر پر گولی لگی ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46 ویں بیچ سے تعلق رکھتے تھے۔ ذرائع کے مطابق ان کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدیل اکبر سی ایس ایس میں اپنے بیچ کے ٹاپر تھے اور گزشتہ روز انہیں ڈینگی بھی رپورٹ ہوا تھا، مگر وہ باوجود بیماری کے ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہے۔

مبینہ طور پر عدیل اکبر گزشتہ مدت سے ترقی نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے، کیونکہ ان کے بیچ میٹ گزشتہ سال ایس پی کے عہدے پر پروموٹ ہوچکے تھے اور عدیل اکبر کی آئندہ بورڈ تک ترقی کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی سیکٹر آئی-9 اسلام آباد تعینات تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US