یومِ آزادی کی تقریبات یکم اگست سےشروع ہوں گی، تھیم معرکۂ حق ہوگی ، وزیراعلیٰ سندھ

image

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جشنِ آزادی 2024 کی تقریبات کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کا آغاز یکم اگست سے کیا جائے گا جس کی تھیم معرکۂ حق سے ہم آہنگ ہوگی تاکہ عوام کو آزادی کی اصل روح اور قربانیوں کا احساس دلایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس سال جشنِ آزادی کو معرکۂ حق کی فتح کے ساتھ جوڑ کر منایا جائے گا تاکہ قوم کو بتایا جا سکے کہ ایک آزاد قوم ہونے پر فخر کیسا ہوتا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر 13 اور 14 اگست کی شب کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔سی ویو سے بوٹ بیسن تک کلچرل فلوٹ، چوکنڈی تک خواتین کی سائیکل ریلی، گدھا گاڑی ریس اور میراتھن کے ایونٹس بھی ہوں گے۔

8 اگست کو حیدرآباد اور 10 اگست کو سکھر میں جشنِ آزادی کے بڑے ایونٹس ہوں گے۔8 اگست کو میئر الیون اور منسٹرز الیون کے درمیان نمائشی کرکٹ میچ ہوگا۔ اس کے علاوہ 9 اگست کو قلندرز الیون اور بھٹائی الیون کے درمیان کرکٹ میچ ہو گا۔

مراد علی شاہ نے سجاوٹ کے مقابلے کا بھی اعلان کیا جس میں گھروں، دفاتر، گاڑیوں اور موٹر بائیکس کی بہترین آرائش کرنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے ہے، مقابلے کے لیے ایک جیوری تشکیل دی جائے گی جو مختلف زمرہ جات میں بہترین سجاوٹ کا انتخاب کرے گی۔

مراد علی شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو ان تقریبات میں شریک ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ باضابطہ دعوت نامے بھی ارسال کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow