9مئی مقدمات: عمر ایوب، زرتاج گُل اور شبلی فراز کو 10، 10 سال قید کی سزائیں

image
فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 108 افراد کو قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کو سزائیں سنائی گئیں اُن میں حامد رضا، عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل شامل ہیں۔ ان تمام رہنماؤں کو دس، دس سال جبکہ جنید افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمے سے بری کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈران سمیت 15 پارلیمنٹیرینز کے خلاف تین مختلف مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔

جن ملزمان پر مقدمات چلائے گئے اُن میں قومی اسمبلی کے آٹھ اراکین، متعدد سینیٹرز، چھ سے زائد ارکانِ صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، کنول شوزب سمیت 260 کارکنان شامل ہیں۔

مقدمات کا پس منظر9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، جس نے کئی مقامات پر پرتشدد شکل اختیار کر لی تھی۔ 

اس دوران فیصل آباد میں بھی مظاہروں کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچائے جانے کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں فوجی تنصیبات، ٹریفک پولیس کی چوکیاں اور متعدد دیگر مقامات شامل تھے جبکہ کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ان واقعات کے نتیجے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت متعدد مقدمات درج کیے گئے۔ حکام کا مؤقف تھا کہ ان مظاہروں میں عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا، ریاستی اداروں پر حملے ہوئے اور امن عامہ کو خطرے میں ڈالا گیا۔

انہی الزامات کی بنیاد پر فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی و سینیٹ کے اپوزیشن لیڈران، ارکانِ پارلیمان، فواد چوہدری، کنول شوزب اور 260 سے زائد کارکنوں کے خلاف تین مقدمات کی سماعت کی گئی۔

پی ٹی آئی نے ان مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیا جبکہ پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ ان افراد نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت عوام کو تشدد پر اکسایا۔ عدالت میں ویڈیو شواہد، کال ریکارڈز اور گواہوں کے بیانات پیش کیے گئے۔

پی ٹی آئی قیادت کے خلاف فیصلے آنے کے بعد پارٹی کی مرکزی قیادت سمیت کئی کارکنوں کی گرفتاری اور الیکشن کمیشن سے نااہلی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو 9 مئی کے مقدمات میں عدالتی کارروائیوں پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے خط لکھا ہے۔

شبلی فراز کی جانب سے بھیجے گئے تحریری خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان مقدمات میں شفاف ٹرائل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، سرکاری وکلاء زبردستی مقرر کیے جا رہے ہیں اور سماعتیں رات گئے بند دروازوں کے پیچھے کی جا رہی ہیں، جو آئین کے آرٹیکل 10-اے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات میں پولیس اور پراسیکیوشن کا کردار جانبدار ہے اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے۔

ادھر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط کے جواب میں چیف جسٹس نے عمر ایوب کو ان معاملات پر بات چیت کے لیے ملاقات کی دعوت دی، تاہم عمر ایوب نے اسلام آباد میں ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے باعث یہ ملاقات پشاور رجسٹری میں جمعے کے روز طے کرنے کی درخواست کی ہے۔

سُنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کو بھی دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ فائل فوٹو: قومی اسمبلی ایکس

دونوں رہنماؤں نے خطوط میں اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات کا طریقہ کار ازسرنو جائزہ لے کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 22 جولائی 2025 کو 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر، رکن قومی اسمبلی احمد چیٹھا، پی ٹی آئی رہنما بلال اعجاز اور تقریباً 32 کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ 

عدالت کے مطابق ان افراد نے ریاستی و عوامی املاک کو نقصان پہنچایا، ہنگامہ آرائی کی اور لوگوں کو تشدد پر اکسایا، جس پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت سزا دی گئی۔

پی ٹی آئی نے اس فیصلے کو سیاسی انتقام اور عدالتی ناانصافی قرار دیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسے ’انصاف کا جنازہ‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جن گواہان کی بنیاد پر فیصلہ سنایا گیا، انہیں پہلے ہی ایک جج ناقابلِ اعتبار قرار دے چکے ہیں۔

پارٹی نے فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا جبکہ حکومتی ترجمانوں نے عدالتی عمل کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام کارروائیاں شفاف انداز میں کی گئیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow