وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤسز کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ خرید و فروخت کا عمل آج یکم اگست سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق ادارے کا ای آر پی سسٹم بھی آج سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور 31 جولائی کے بعد اس نظام کے ذریعے کی جانے والی کسی بھی قسم کی خرید و فروخت کو سخت خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کی نئی پالیسی اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی کارکردگی پر نظرثانی کے بعد کیا گیا ہے۔ فی الحال حکومت کی جانب سے متبادل نظام یا متوقع بحالی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے کم قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے قائم کیے گئے ان اسٹورز کی بندش پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔