لاہور میں اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں، 26 مسافر زخمی

image
لاہور میں اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اُترنے کے باعث 26 مسافر زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے محکمہ ریسکیو کے ترجمان فاروق احمد نے بتایا کہ جمعے کی شب ایمرجنسی صورتحال کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائی کی گئی۔

محکمہ ریسکیو کے ترجمان کے مطابق شام ساڑھے سات بجے اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے نیچے اترنے کی اطلاع پر علاقے میں امدادی کارروائیوں میں چھ ایمرجنسی وہیکلز اور 25 اہلکاروں نے حصہ لیا۔

فاروق احمد نے بتایا کہ حادثہ کالا شاہ کاکو میں اتحاد کیمیکلز کے قریب پیش آیا۔ ’زیادہ تر مسافروں کو خراشیں اور چند کو معمولی زخم آئے۔ ابتدائی طور پر 25 لوگوں کو فرسٹ ایڈ دی گئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مجاہد حسین نامی ایک 55 سالہ مسافر حادثے کے بعد بوگی میں پھنس گیا تھا جس کو نکال کر مریدکے تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

’ایک اور شخص کو بوگی سے ریسکیو کرنے کے لیے کوشش جاری ہے۔‘

محکمہ ریسکیو کے ترجمان کے مطابق تمام بوگیوں میں مکمل سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی مسافر پھنسا نہ ہو۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے نے اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کے پٹری سے اترنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

وزیر ریلوے نے حادثے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو: ریسکیو پنجاب

ریلوے کے وزیر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ریلوے عملے کو امدادی کاموں کو تیز کرنے اور طبی عملے کو  فوراً جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔ 

وزیر ریلوے نے حادثے کی انکوائری کر کے سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزارت ریلویز کے ترجمان کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں ریلوے ٹریفک بلاک ہو گئی جبکہ گرین لائن، اور ریل کاروں سمیت متعدد ٹرینیں ٹریکس پر پھنس گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریفک کو بحال کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow