کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے ایک کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگردوں کو لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے گرفتار کر لیا۔ کارروائی سے تینوں شہروں کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز، نقدی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ دہشتگردوں سے حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشنز بھی برآمد ہوئی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ملی ہیں جنہیں ممکنہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ’’عادل‘‘ نام کی ایک فیس بک آئی ڈی، جو بھارت میں ’’را‘‘ کے ذریعے آپریٹ ہو رہی تھی سے رابطوں کے سراغ پر ملزمان تک پہنچا گیا۔ گرفتار افراد میں سے کئی دہشتگرد پنجاب میں خوف و ہراس، مذہبی منافرت اور حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
تمام گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق تحقیقات میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔