صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤس کو جلانے کے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ گورنر ہاؤس کیسے جلائیں گے؟ آپ کے باپ کا ملک ہے کیا؟۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت میں ماہر ہیں اور وہ کسی بھی قانون شکن عناصر کو ملک و شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کارروائی کرنے سے نہیں روک سکتے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ “آپ اپنی کرپشن اور اپنے اعمال کی وجہ سے جیل میں ہیں۔” مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اب اپنا بیانیہ بنانے کے لیے اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن سزا ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہوئی ہے، اور ملک و اداروں کے خلاف پروپیگنڈا قابل قبول نہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ “اب بھارتی میڈیا میں ان کی بہنیں بیٹھ کر پاکستان کو نشانہ بنا رہی ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ بیرونی اور اندرونی عناصر ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، لیکن قومی ادارے ملک و عوام کے تحفظ کے لیے ہمیشہ چوکس رہیں گے۔
مریم اورنگزیب نے اختتام پر واضح کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے کسی بھی انتہا پسندی یا غیر قانونی کارروائی کو برداشت نہیں کریں گے، اور ایسے بیانات دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔