ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد، شہباز شریف نے استقبال کیا

image

پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اتوار کی صبح وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے باغ میں ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔

اس کے بعد وزیراعظم نے معزز مہمان کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا اورگرم جوشی کے جذبات کا تبادلہ کیا۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان سنیچر کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر لاہور پہنچے تھے۔

ان کا استقبال وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ کیا۔

ایران کے صدر  دو روزہ دورے میں صدر آصف زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ایرانی صدر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینیئر وزرا اور دیگر اعلی حکام شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔

واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف نے27 مئی 2025 کو ایران کا دورہ کیا تھا۔

ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow