بارسلونا کے مصروف ہوائی اڈے پر پیش آنے والا ایک حیران کن واقعہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں ایک والدین نے اپنے دس سالہ بیٹے کو ائیرپورٹ پر چھوڑ کر بیرونِ ملک تعطیلات پر روانگی کو ترجیح دی۔
یہ غیرمعمولی واقعہ اسپین کے معروف El Prat ایئرپورٹ پر اُس وقت سامنے آیا جب ایئرلائن کے عملے کی ایک رکن للین کی نظر ایک اکیلے بچے پر پڑی جو عام مسافروں کے درمیان، کسی بالغ کی موجودگی کے بغیر، غیرمطمئن انداز میں بیٹھا ہوا تھا۔ پہلے پہل سب کچھ معمول کے مطابق محسوس ہوا، مگر جب للین نے قریب جا کر بات چیت کی تو حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔
بچے نے بتایا کہ اس کے والدین روانگی کے لیے تیار طیارے پر سوار ہو چکے ہیں، جبکہ وہ خود ٹرمینل ایریا میں اکیلا رہ گیا ہے کیونکہ اس کا پاسپورٹ زائدالمیعاد تھا اور موجودہ پاسپورٹ پر مطلوبہ ویزا بھی موجود نہیں تھا۔
عملے نے فوری طور پر صورتحال کی اطلاع ہوائی اڈے کی سکیورٹی کو دی۔ پولیس افسران موقع پر پہنچے اور بچے سے بات چیت کی، جس کے بعد طیارے پر موجود اس کے والدین کو شناخت کیا گیا۔ وہ اس وقت جہاز میں اپنے دوسرے بچے کے ساتھ سوار ہو چکے تھے اور روانگی کے بالکل قریب تھے۔
والدین کو طیارے سے اتار کر پولیس نے ان سے وضاحت طلب کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ اپنی چھٹیاں ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو ٹرمینل میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ایک رشتے دار کو فون کر کے کہا کہ وہ بچے کو آ کر لے جائے۔ اس کے بعد وہ پرواز پر سوار ہو گئے۔
للین، جو فضائی آپریشنز میں کئی سالوں کا تجربہ رکھتی ہیں، کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے کبھی ایسا واقعہ نہیں دیکھا۔ ان کے مطابق والدین نے کسی قریبی عزیز کو اطلاع ضرور دی، مگر ایک کم عمر بچے کو ایئرپورٹ جیسی مصروف جگہ پر تنہا چھوڑ دینا کسی طور قابلِ قبول عمل نہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مقامی حکام اس عمل پر والدین کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کریں گے یا نہیں، لیکن یہ واقعہ اس بات کی مثال بن گیا ہے کہ کبھی کبھار چھٹیوں پر جانے کی ضد، انسانی رشتوں سے بھی اہم سمجھ لی جاتی ہے۔