ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں منشیات کی فروخت، قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش

image

وزارت داخلہ نے ملک کے بڑے شہروں کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں منشیات کی فروخت اور استعمال سے متعلق ہوشربا تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق سروے جاری ہے جو 2026 میں مکمل ہوگا۔ سروے کی تکمیل کے بعد ملک بھر کی جامعات اور کالجوں میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کا درست اندازہ سامنے آئے گا۔

ایوان کو بتایا گیا کہ وزیراعظم آفس اور جی ایچ کیو کی ہدایات پر انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں میں وسیع پیمانے پر آپریشنز کیے۔ رپورٹ کے مطابق اے این ایف نے ملک بھر کی 263 یونیورسٹیوں میں 369 آپریشن کیے، جن کے دوران 1427 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئی۔

وزارت داخلہ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران منشیات اسمگلنگ میں ملوث 426 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US