گلگت: دنیور نالے میں مٹی کا تودا گرنے سے 8 رضاکار جاں بحق

image

گلگت کے دنیور نالہ میں سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 8 مقامی رضاکار جاں بحق اور کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق رضاکار متاثرہ نالے کی صفائی اور بحالی میں مصروف تھے کہ اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث متعدد لوگ ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ٹیموں کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور مقامی افراد بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے شیشپر نالہ بپھر گیا ہے۔

سیلابی ریلے سے قراقرم ہائی وے کو شدید نقصان پہنچا اور شاہراہ ہنزہ ایک بار پھر بند ہو گئی ہے۔ زرعی زمینیں، درخت اور کھیت بہہ گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل نگر روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US