پنجاب حکومت نے اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے، اور اب یہ تعطیلات یکم ستمبر تک جاری رہیں گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے اس فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ شدید گرمی کی لہر اور بچوں کی صحت کا تحفظ ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ تعطیلات بڑھانے سے تعلیمی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے گا، لیکن ان کے مطابق طلبہ کی صحت کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اسکول کھولنا بچوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ احتیاط کے طور پر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ابرار احمد خان کا کہنا ہے کہ میٹرک کے طلبہ کا تعلیمی نقصان بڑھ رہا ہے، جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں اسکول معمول کے مطابق کھل چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات پہلے 14 اگست تک طے کی گئی تھیں، لیکن شدید گرمی کے باعث ان میں مرحلہ وار توسیع کی جا رہی ہے۔