ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ ہوتے ہیں فوج کی کوئی دلچسپی نہیں کہ دہشتگردی کے نام پر معصوم عوام کی جان لی جائے۔
آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام طلبا کے ساتھ خصوصی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے طلباء کے سوالات کے تفصیلی جواب دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی دہشتگردی کی سزا پورے علاقے یا گاؤں کو نہیں دی جاسکتی اگر کوئی شہری دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے یا گھر میں بارودی مواد رکھتا ہے تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں وہاں کی عوام دہشتگردوں سے تنگ آچکی ہے اور اب خود نشاندہی بھی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی علاقے میں آپریشن تبھی کامیاب ہوتا ہے جب عوام دہشتگردوں کو مسترد کریں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ میجر محمد انور کاکڑ شہید اس دھرتی کے عظیم سپوت تھے جنھوں نے گوادر حملے سمیت کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور یہاں کسی لسانیت یا نسل پرستی کی گنجائش نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ آج وہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لسانی یا علاقائی بنیادوں پر نہیں بلکہ کلمے کی بنیاد پر عمل میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مایہ ناز سائنسدان صمد یار جنگ بلیدہ اسکول کے فارغ التحصیل ہیں جبکہ شاہ زیب رند بھی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی تقدیر کے خود مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان کی بچیاں ڈپٹی کمشنر کے عہدوں پر فائز ہیں جو صوبے کی ترقی اور عوامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر، کسی عجمی کو عربی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں۔ بلوچستان کی آبادی تقریباً 15 ملین ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سارے بلوچ نہیں ہیں اس میں 30 فیصد سے زائد پختون بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتنے بلوچ بلوچستان میں ہیں اس سے زیادہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں آباد ہیں۔ پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے اور یہی ملک کی اصل بنیاد ہے۔