سرکاری حج اسکیم 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس میں اب تک ایک لاکھ 8 ہزار درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی روشنی میں نامزد بینک دوپہر ڈھائی بجے تک کھلے رہے اور آخری دن بھی درخواستیں وصول کی جاتی رہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو ایک لاکھ 20 ہزار کا کوٹہ دیا گیا ہے جو جلد ہی مکمل ہونے کا امکان ہے۔ وزارت نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے پاک حج 2026 موبائل ایپ بھی لانچ کی ہے جس کے ذریعے درخواست گزار اپنے کوائف دیکھنے اور رہنمائی حاصل کرنے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق حج واجبات کی ادائیگی کا دوسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع کیا جائے گا۔ اس بار سرکاری حج اسکیم کے لیے ملک بھر سے چار لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے رجسٹریشن کرائی تھی۔