فطرت، یخ بستہ پانی میں غسل اور مشکلات سہنے کا فن: ’دنیا کی سب سے زیادہ خوش قوم‘ کی زندگی کا راز

فن لینڈ کے لوگ بہت سادہ ہیں۔ عام طور پر وہ خوش رہتے ہیں اور انھیں اقوام متحدہ کی رپورٹ پر فخر بھی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ خوشی شاید درست لفظ نہیں۔ اس کے بجائے وہ اطمینان، سکون، کامیابی کا لفظ بہتر سمجھتے ہیں۔
فن لینڈ
Getty Images

فن لینڈ کو حال ہی میں مسلسل آٹھویں بار اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ خوش و خرم ملک قرار دیا گیا۔

ملک میں سیاحت کو فروغ دینے والی کمپنیاں بھی اس بات پر خوش ہیں کیوں کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سیاح خوشی کی تلاش میں فن لینڈ کا رخ کر رہے ہیں تاکہ خود اس بات کا مشاہدہ کر سکیں کہ اس ملک میں ایسی کیا خاص بات ہے۔

لیکن اگر آپ بھی ان سیاحوں میں سے ایک بننا چاہتے ہیں تو یہ توقع بلکل نہ رکھیں کہ ہیلسنکی ایئرپورٹ پر اترتے ہی آپ کو قہقہے سنائی دیں گے یا پھر نہایت گرمجوشی سے آپ کا استقبال کیا جائے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ فن لینڈ کے لوگ بہت سادہ ہیں۔ عام طور پر وہ خوش رہتے ہیں اور انھیں اقوام متحدہ کی رپورٹ پر فخر بھی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ خوشی شاید درست لفظ نہیں۔ اس کے بجائے وہ اطمینان، سکون، کامیابی کا لفظ بہتر سمجھتے ہیں۔

فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے حال ہی میں فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’کوئی بھی ہر وقت خوش نہیں رہ سکتا ہے، حالات خوش رہنا مشکل بھی بنا سکتے ہیں لیکن سب سے پہلا قدم بنیادی حقوق جیسا کہ سکیورٹی، آزادی اور مساوات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘

اگرچہ فن لینڈ میں خوشی کے تصور کا مخصوص ثقافتی معنی ہے تاہم یہ عام لوگوں کی زندگی کا حصہ ہے جو توازن، اطمینان اور ایک دوسرے سے جڑے رہنے کا نام ہے۔

فن لینڈ
Getty Images
فن لینڈ کو حال ہی میں مسلسل آٹھویں بار اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ خوش و خرم ملک قرار دیا گیا

فطرت سے قربت

ہیلسنکی جہاں بہت سے غیر ملکی سیاح جاتے ہیں قومی اطمینان کی ایک واضح مثال ہے۔ ساحل پر موجود یہ شہر فطرت کے قریب ہے جہاں کرائے پر سائیکل لیں اور آسانی سے پیڈل گھماتے ہوئے پارک یا ساحل پر بنے راستے پر چلتے جائیں۔

شہر کے مرکز سے شمالی مضافات تک پھیلے جنگلات کا بھی نظارہ ساتھ ہی ساتھ کیا جا سکتا ہے۔

فطرت سے براہ راست جڑے رہنے سے ’انڈورفن‘ نامی ہارمون بھی خارج ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کی فہرست میں فن لینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے جو عمر کی طوالت، آزادی اور مثبت جذبات پر مبنی اعداد وشمار کی مدد سے بنائی جاتی ہے۔

فن لینڈ
Getty Images

رواداری اور مشکلات

واضح رہے کہ کسی بھی ملک کی طرح فن لینڈ بھی معاشی مشکلات اور تنازعوں سے آزاد نہیں۔ ملک میں طویل موسم سرما بھی لوگوں کی ذہنی صحت پر اثرات مرتب کرتا ہے۔

تاہم فن لینڈ میں خوشی کا تصور ’سیسو‘ نامی لفظ سے جڑا ہے۔ اس لفظ کا ترجمہ کرنا آسان نہیں لیکن یہ رواداری، ہمت اورثابت قدمی کا ملاپ ہے۔

کیٹجا پنٹزار فنش کینیڈین مصنف ہیں جنھوں نے اس تصور پر کافی کام کیا ہے۔ ان کے مطابق ’یہ ایسی سوچ ہے جو لوگوں اور کمیونٹی کو مشکل وقت میں ہار ماننے، ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے یا ایک دوسرے پر حملہ کرنے کے بجائے مل کر مشکل کا سامنا کرنے کی ترویج دیتی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل پہلے چاروں ممالک شمالی یورپ کے سکینڈینیویا سے تعلق رکھتے ہیں جہاں مضبوط سوشل سکیورٹی نظام موجود ہے۔

ان کے مطابق ’خوشی ایک ثقافتی چیز ہے۔ فن لینڈ میں بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ ہر کسی کو روز مرہ زندگی میں خوشی میسر ہے چاہے وہ فطرت کی شکل میں ہی ہوں کیوں کہ ہر شخص جنگل، ساحل، لائبریری، پارک سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر رہتا ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کا نظام، صاف پینے کا پانی، تعلیم اور صحت تک رسائی ہر کسی کو میسر ہے۔

انھوں نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ ’فن لینڈ میں گرم پانی سے غسل یا سوانا کے بعد یخ سرد پانی میں ڈبکی لگانے کا تصور عام ہے جس کے صحت پر بہت مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘ سائنس کی زبان میں اسے ’کنٹراسٹ تھراپی‘ کہا جاتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہیلسنکی میں یہ کرنا بہت ہی آسان ہے کیوں کہ یہ سمندر سے گھرا ہوا ہے۔ اگر آپ کو پانی میں نہانے کے لیے زیادہ سفر نہ کرنا ہو اور پیسے نہ خرچنے پڑیں تو روزانہ کی بنیاد پر ایسا کرنا ممکن ہے اور آپ کام پر جانے سے پہلے آرام سے ایسا کر سکتے ہیں یا کام سے وقفے میں۔‘

اگرچہ بہت سے شہری دنیا کے سب سے زیادہ خوش و خرم ملک کے اعزاز کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں تاہم جوہا روحا کا کہنا ہے کہ ’میرے لیے یہ سوچنا آسان نہیں ہے کہ فن لینڈ دنیا میں سب سے زیادہ خوش ملک ہے۔‘

ان کے مطابق ’غریب ملکوں، جیسا کہ تھائی لینڈ یا نیپال، میں تمام تر مشکلات کے باوجود لوگ پر امن اور پرسکون رہتے ہیں۔‘

’یہاں اکثر آپ کو ایسے لوگ ملیں گے جو کہیں گے کہ دوسرے ملکوں میں لوگ زیادہ خوش ہیں لیکن ہم خود مطمئن رہتے ہیں اور ہمارے پاس جو ہے اس پر خوش ہیں۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US