خیبرپختونخوا: معذور افراد بحالی فنڈ سے محروم، 5 ارب مستحقین تک نہ پہنچ سکے

image

خیبرپختونخوا میں جسمانی معذور افراد کی بحالی کے لیے قائم فنڈ میں 5 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود ہے لیکن یہ رقم مستحقین تک نہ پہنچ سکی آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ نے بے ضابطگیوں کو بے نقاب کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 کے اختتام تک جمع ہونے والا فنڈ معذور افراد کی بحالی، روزگار، طبی آلات اور تربیتی سہولیات پر خرچ نہ کیا گیا جس سے ہزاروں افراد بنیادی سہولیات سے محروم رہ گئے۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فنڈ کے استعمال کے لیے ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی لیکن جنوری 2025 تک 1 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ نہیں کی جاسکی۔ اسی طرح ضم شدہ اضلاع میں معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے مختص 64 کروڑ روپے کی اسکیم پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرکاری و نجی اداروں پر 2 فیصد ملازمتوں کا کوٹہ لاگو ہونے کے باوجود 438 معذور افراد کو ملازمت نہیں دی گئی۔ مختلف یونیورسٹیز اور خودمختار اداروں نے نہ ہی کوٹہ پورا کیا اور نہ بحالی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالا جس کی مد میں 58 کروڑ 63 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

صوبائی کونسل نے معذور افراد کے لیے 5 کروڑ روپے مصنوعی اعضاء کے ورکشاپ اور 10 کروڑ روپے معاون آلات کی فراہمی کے لیے منظور کیے لیکن 21 ماہ گزرنے کے باوجود یہ رقم اب تک مستحقین تک نہیں پہنچائی گئی۔ اس کے علاوہ 36 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری کے باوجود جنوری 2025 تک کسی بھی معذور شخص کو قرض فراہم نہیں کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US