نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ اجلاس او آئی سی سیکریٹریٹ جدہ میں منعقد ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جدہ پہنچنے پر پاکستانی سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید اور مستقل نمائندہ پاکستان برائے او آئی سی فواد شیر نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں فلسطین کی سنگین صورتحال پر غور کیا جائے گا اور اسرائیلی جارحیت، غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے پر رکن ممالک مشاورت کریں گے۔
اسحاق ڈار اجلاس میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے قبضے کے خاتمے کا مطالبہ دہرائیں گے۔
اجلاس میں پاکستان کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی فوجی کنٹرول کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔ اسحاق ڈار فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کو بھی ایک بار پھر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اجلاس کے موقع پر او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔