وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت این ایف سی ایوارڈ کی تیاری سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ایف سی ایوارڈ پر صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کی جائے گی تاکہ بلوچستان کا ایک متفقہ اور مضبوط مؤقف سامنے لایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مشاورت کا دائرہ کار پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں تک بھی بڑھایا جائے تاکہ صوبے کے تمام طبقات کی رائے شامل ہوسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ پر صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں اور ماہرین سے مشاورت کی جائے گی تاکہ بلوچستان کا ایک متفقہ اور مضبوط مؤقف سامنے لایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کی ضروریات اور ترجیحات کو اجاگر کیا جائے گا۔ وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور شمولیت کو بنیادی اہمیت دی جائے گی کیونکہ یہی راستہ صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ مضبوط وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کی امیدیں اور توقعات ایوارڈ میں شامل کی جائیں گی جبکہ ماہرین معاشیات اور دانشوروں کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری اصل کامیابی ایک مستحکم اور مضبوط وفاق میں ہے اور این ایف سی ایوارڈ کو قومی یکجہتی اور اعتماد کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے۔