"میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، میرے نمبر سے پیسوں کے لیے جعلی پیغامات جا رہے ہیں۔ براہِ مہربانی ان پر یقین نہ کریں۔ مجھے کسی رقم کی ضرورت نہیں، میں خیریت سے ہوں۔"
پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسماء عباس نے اپنے مداحوں اور قریبی ساتھیوں کو ایک اہم پیغام دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے اور ان کے نمبر سے لوگوں کو قرض اور پیسوں کے مطالبے پر مبنی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے ان کے پیارے پریشان اور تکلیف میں ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور کسی مالی امداد کی ضرورت نہیں۔
اسماء عباس نے یہ بھی بتایا کہ ہیکنگ کا آغاز ایک فون کال سے ہوا جس میں انہیں ایک پارسل موصول ہونے کا بہانہ بنا کر پتہ پوچھا گیا۔ بعد ازاں ایک کوڈ شیئر کرنے پر ان کا واٹس ایپ بند ہو گیا اور ہیکرز نے اس کا غلط استعمال شروع کر دیا۔
اداکارہ نے تمام جاننے والوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک مگر عام ہوتا جا رہا معاملہ ہے اور سب کو اس حوالے سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں اور مداحوں کو پریشان نہیں دیکھ سکتیں، اس لیے سب سے گزارش ہے کہ اس طرح کے دھوکے میں ہرگز نہ آئیں۔