سائٹ سپر ہائی وے میں 4 افراد قتل، 2 زخمی، پولیس چھاپے، 13 زیر حراست

image

سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں 4 افراد کے قتل اور 2 افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔ یکے بعد دیگرے 4 واقعات کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔

سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے ہوٹل پر بیٹھے افراد پر گزشتہ شب اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد عثمان عرف دارو ولد بلاد خان، سلطان ولد عبدالحمید اور سجاد ولد گل ہلاک جبکہ نور عثمان زخمی ہوگیا تھا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق مقتولین عثمان عرف دارو اور سلطان چچا بھتیجا ہیں، رشتے دار جمیل نے بتایا کہ عثمان ٹریکٹر ڈرائیور اور 2 بچوں کا باپ تھا، مقتول عثمان کے دوست یونس مغیری نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ منشیات فروشوں کے خلاف آواز اٹھانے کا نتیجہ ہے، فائرنگ کرنے والوں میں منشیات فروش ملوث ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان دارو مبینہ طور پر جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور آج کل پولیس کے لیے کام مخبری کرتا تھا جس نے کچھ عرصہ قبل ہائی وے پر لوٹ مار کرنے والوں کو بھی گرفتار کرایا تھا۔

اسی تھانے کی حدود جنجار گوٹھ میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ظہیر شاہ باجوڑی ولد امان اللہ جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ڈی ایس پی اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مذکوہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ ہے، تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے، اسی تھانے کی حدود میں احسن آباد نزد لاکھانی ہائٹس کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 40 سالہ محمد سہیل کو زخمی کردیا جسے عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

یکے بعد دیگرے 4 واقعات کے بعد پولیس نے علاقے میں ٹارگٹڈ مقامات پر سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی، ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ اورنگ زیب خٹک کا کہنا تھا کہ دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور رات کو آپریشن کے دوران 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں مرکزی ملزم کے 2 قریبی عزیز بھی شامل ہیں۔ زیر حراست تمام افراد سے تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US