صحافی کے خلاف مقدمہ، صحافیوں کا میئر کے خلاف احتجاج کا عندیہ

image

چینل فائیو کے صحافی کے خلاف تھانہ نیو ٹائون میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

صحافتی تنظیموں نے میئر کراچی مبینہ ہدایت پر صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے میئر کے خلاف احتجاج کی دھمکی بھی دے دی۔

یاد رہے کہ نیو ٹاؤن تھانے میں آج چینل فائیو کے بیورو چیف کامران زہری کے خلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے انہیں گرفتاری دینے کے لیے دھمکایا بھی ہے۔

صحافی پر الزام ہے کہ انہوں نے کار سرکار میں مداخلت کی اور اسلحہ کے زور پر ڈرایا دھمکایا، شہری ادارے کے ملازم سے مار پیٹ کی۔

کامران زہری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سادہ کپڑوں میں چند لوگ چینل 5 کی تاریں کاٹ رہے تھے جنہیں روکا گیا جس پر وہ لوگ مغلظات بکتے اور دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے اور جاتے ہوئے کہاکہ وہ میئر کراچی کی ہدایت پر آئے تھے اور ان کو بتانے جارہے ہیں۔

کامران زہری کے مطابق میئر مرتضیٰ وہاب بارش سے متعلق چینل 5 کی رپورٹنگ اور تنقید پر شدید ناراض تھے جس کا انہوں نے بدلہ لیاہے، انہوں نے مزید کہا کہ میئر کے عملے نے ہی انہیں ایک روز پہلے بتایا تھا کہ میئر نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ آئندہ چینل 5 کے کسی نمائندے کو کے ایم سی کے کسی پروگرام میں نہ بلایا جائے جبکہ آج پولیس کی جانب سے فون پر تھانے طلب کیا گیا اور دھمکی دی کہ ہمیں اوپر سے حکم ملاہے کہ صحافی کو ہر صورت گرفتار کیا جائے۔

دریں اثناء مختلف صحافتی تنظیموں نے غیر منصفانہ اقدام کے خلاف سخت مزاحمت کا اعلان کرتے ہوئے مقدمے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ صحافتی برادری نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے، اس سلسلے میں ڈی آئی جی آفس کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

صحافتی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ جھوٹا مقدمہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور آزادی صحافت کو دبانے کی کوششیں بند کی جائیںبصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US