دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب

image

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے بعد متعدد دیہات زیر آب آگئے جبکہ متاثرہ علاقوں سے آبادی کا انخلاء جاری ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب پر ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد میں پانی کا بہاؤ خطرناک سطح پر ہے۔ ہیڈ خانکی پر پانی 9 لاکھ 5 ہزار کیوسک اور ہیڈ قادر آباد پر 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ قادر آباد کی صلاحیت 8 لاکھ کیوسک ہے جبکہ موجودہ بہاؤ اس سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک زیادہ ہے جس سے بند ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔

لاہور میں دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 55 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شاہدرہ اور قریبی دیہات سے انخلاء مکمل کرلیا گیا ہے۔

قصور میں بھی دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے جس کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ شکرگڑھ کے علاقے بھیکو چک میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے کئی بستیاں ڈوب گئیں جبکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں 6 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا داخل ہوا ہے جس کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 2 ستمبر تک بند کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک 2500 افراد اور 1700 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔

حویلی لکھا میں دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 9 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے متعدد دیہات زیر آب آگئے اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، فوج اور ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں، علاوہ ازیں متاثرین کے لیے ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US