چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کابینہ نے ہیلی کاپٹر خریدنے کی اجازت دے دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران شہاب علی شاہ نے کہا کہ ریلیف اور میڈیکل ایمرجنسی کے لیے ہیلی کاپٹر کی فوری ضرورت ہے، قانونی عمل مکمل کر کے خیبر پختونخوا کی سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے ہیلی کاپٹر خریدا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ رواں سال 15 اگست کو باجوڑ ریلیف آپریشن کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے لیے پیکج کی منظوری دے دی، ان شہدا کے لواحقین کو پولیس کے برابر کا شہدا پیکج دیا جائے گا۔