"جو بھی گھٹیا انسان یہ تماشا کر رہا ہے، لیزر لائٹ میری آنکھوں پر ڈال رہا ہے، نکل جاؤ یہاں سے۔ اگر شو نہیں دیکھنا تو دفع ہوجاؤ یہاں سے۔ یہ لڑکا کافی دیر سے ہمیں ڈسٹرب کر رہا ہے، سیکیورٹی چیک کریں۔"
پاکستان کی مقبول پلے بیک سنگر نمرہ مہرا شیخوپورہ میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران مداحوں کے جمِ غفیر کو اپنے سریلے گانوں سے محظوظ کر رہی تھیں۔ اس دوران ایک نوجوان بار بار سبز لیزر لائٹ ان کی آنکھوں پر ڈالتا رہا جس پر گلوکارہ کا صبر جواب دے گیا۔ نمرہ نے گانا روک کر براہِ راست اس حرکت پر کڑی برہمی کا اظہار کیا اور سیکیورٹی کو فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا۔ مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا۔ کچھ نے کہا کہ نمرہ کو اپنے غصے پر قابو رکھنا چاہیے تھا جبکہ اکثریت نے انہیں درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیزر لائٹ آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے اور بروقت روکنا بالکل درست قدم تھا۔
یاد رہے کہ نمرہ مہرا اپنی مدھر آواز اور بے مثال اندازِ گلوکاری کے باعث ڈراموں کے او ایس ٹی سے لے کر مشہور نغمات تک ہر جگہ اپنی شناخت بنا چکی ہیں۔ ان کا گانا تو صبح دی پاک ہوا ورگا پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوا اور یوٹیوب پر 73 ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکا ہے۔