انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق رواں سال ہونے والے ویمنز ورلڈکپ کے لیے مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر (تقریباً 3.92 ارب پاکستانی روپے) رکھے گئے ہیں جو 2022 کے ایڈیشن کے مقابلے میں 297 فیصد زیادہ ہے۔
ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر (ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد) ملیں گے جو گزشتہ ایڈیشن کے انعام 1.32 ملین ڈالر کے مقابلے میں 239 فیصد زیادہ ہے۔ رنر اپ ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر اور سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کو 1.12 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔
ورلڈکپ میں شریک ہر ٹیم کو کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے اور گروپ اسٹیج کا ہر میچ جیتنے پر 34 ہزار 314 ڈالر کے اضافی انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح پانچویں اور چھٹی پوزیشن والی ٹیموں کو 7 لاکھ ڈالر اوت ساتویں اور آٹھویں پوزیشن والی ٹیموں کو 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
آئی سی سی ویمن ون ڈے ورلڈکپ 30 ستمبر سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہوگا۔