آئی سی سی رینکنگ جاری ، بابر اور رضوان کی تنزلی، کس نمبر پر آگئے؟

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے۔ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 21 ویں اور کپتان محمد رضوان دو درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پرچلے گئے۔

ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار ہے جبکہ محمد رضوان ایک درجہ تنزلی سے 26 ویں نمبر پر جبکہ فخر زمان ایک درجہ بہتری سے 27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ پاکستان کے حسن نواز دو درجے بہتری سے 31 ویں اور صائم ایوب دو درجے تنزلی سے 40 ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ کپتان سلمان آغا 18 درجے ترقی کے بعد 59 ویں نمبر پرآ گئے ہیں۔

بات کی جائے بولرز کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی تو نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور پہلے نمبر پرموجود ہیں جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی آٹھ درجے ترقی سے 26 ویں اور محمد نواز 15 درجے بہتری کے بعد 43 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور حارث رؤف چار درجے تنزلی کے ساتھ 28 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اسی طرح ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں زمبابوے کے پاکستانی نژاد کرکٹر سکندر رضا نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔ سکندر رضا نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ وہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نو درجے ترقی کے بعد 22 ویں اور بولنگ میں ایک درجہ ترقی سے 38 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US