معروف مزاحیہ اداکار انور علی طویل بیماری کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے، ان کے انتقال کی تصدیق اہلِ خانہ نے کی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق انور علی پھیپھڑوں، گردوں اور دل کی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھے اور گزشتہ روز طبیعت زیادہ بگڑنے پر اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی عمر 71 برس تھی۔
انور علی کی نمازِ جنازہ کل نمازِ ظہر کے بعد ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر ادا کی جائے گی جس میں مداحوں، ساتھی فنکاروں اور قریبی عزیز و اقارب کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اسٹیج اور ٹی وی کے جانے مانے اداکار انور علی نے اپنے طویل فنی سفر میں بے شمار ڈراموں اور پروگرامز میں شاندار اداکاری کے ذریعے لوگوں کو ہنسانے اور خوشیاں دینے کا کام کیا۔ ان کے انتقال سے شوبز کی دنیا ایک بڑے فنکار سے محروم ہوگئی۔