"اگر لڑکی غیر شادی شدہ ہے تو اس کا پورا حق ہے کہ وہ اپنے ماں باپ کے گھر رہے، اس پر تو کسی بھابھی کا یہ حق نہیں بنتا کہ وہ اسے بوجھ سمجھے یا اس سے اختلافات رکھے یا نفرت کرے۔"
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نتاشا علی نے ایک مارننگ شو میں شرکت کے دوران ہمارے معاشرے کے ایک حساس پہلو پر روشنی ڈالی۔ گفتگو میں انہوں نے خاص طور پر بیوہ، طلاق یافتہ اور غیر شادی شدہ خواتین کے ساتھ بھابھیوں کے رویے کو موضوع بنایا۔
نتاشا علی کا کہنا تھا کہ اکثر گھروں میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ بھابھیاں اپنی نندوں کو ناپسند کرتی ہیں یا ان سے بلاوجہ الجھتی ہیں، حالانکہ یہ رویہ بالکل غیر مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی لڑکی اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہے تو یہ اس کا حق ہے، چاہے وہ بیوہ ہو، طلاق یافتہ ہو یا غیر شادی شدہ۔ "آخر وہ کہاں جائیں؟ نوکری ہر کوئی نہیں کرسکتا، اور اپنی زندگی ختم کر دینا کوئی حل نہیں۔"
اداکارہ نے زور دیا کہ بھابھیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی نندوں کو عزت دیں، کیونکہ یہ خواتین اپنے ہی والدین کے گھر رہتی ہیں اور انہیں وہاں کسی بوجھ کے بجائے ایک فرد کی حیثیت سے قبول کرنا چاہیے۔
یہ کلپ جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ نے نتاشا کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی، جبکہ کئی نے کہا کہ معاملہ دونوں طرف سے بہتر رویے کا متقاضی ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، "تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، نند کو بھی چاہیے کہ بھابھی کی عزت کرے اور خوش اخلاقی سے رہے۔"