حکومت سندھ اور ٹیک ویلی کا ڈیجیٹل صحافت پروگرام،1000 اسکالرشپس دی جائیں گی

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (پی آئی ٹی پی2 ) اور گوگل ڈیجیٹل صحافت اسکالرشپ پروگرام کے معاہدے کیے گئے۔

تقریب میں این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلرز، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نور محمد سموں، سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق، گوگل ایشیا کے سربراہ پال ہچنگس ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام ون کی کامیابی باعث فخر ہے جس کے تحت 13 ہزار 565 طلبہ کو تربیت دی گئی اور اب 4300 سے زائد فارغ التحصیل نوجوان معاشی سرگرمیوں میں فعال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں خواتین اور دیہی علاقوں کی بھرپور نمائندگی ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پی آئی ٹی پی ٹو کے لیے 14 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور 35 ہزار طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی۔ تربیت کی فراہمی این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے کریں گے جبکہ 1750 نمایاں طلبہ کو گوگل کروم بکس دیے جائیں گے۔ یہ پروگرام میٹرک سے گریجویشن تک کے 28 سال تک کے طلبہ کے لیے ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گوگل نیوز انیشی ایٹو کے تحت حکومت سندھ اور ٹیک ویلی کے اشتراک سے ڈیجیٹل صحافت پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 500 اساتذہ و طلبہ کو ڈیجیٹل رپورٹنگ، فیکٹ چیکنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تربیت دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں 1000 اسکالرشپس دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ منصوبہ معتبر صحافت، شفافیت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ہے اور اس کی مدد سے جھوٹی خبروں کے خلاف مؤثر جدوجہد ممکن ہوپائے گی۔

وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گوگل ڈجیٹل صحافت پروگرام سے فیک نیوز کم ہوں گی اور صحافیوں کی تربیت ان کے پیشے کو مزید مؤثر اور معیاری بنائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US