اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 6 منشیات فروش گرفتار، 15 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

image

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کامیاب کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 15.016 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 32 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

پشاور میں واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران اے این ایف نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 300 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزم تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔

اس کے علاوہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 0.542 کلوگرام ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ چکلالہ کے ایک کوریئر آفس سے برطانیہ سے آئے پارسل میں سے 52 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔

شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب ایک منی ٹرک کے خفیہ خانوں سے 10.8 کلوگرام افیون برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا۔پشاور کے عمرگل روڈ پر کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔جہلم کے کوریئر آفس سے راولپنڈی سے بھیجے گئے پارسل میں سے 1.022 کلوگرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US