سیلابی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے پنجاب کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کے پانچ اور صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں کے ضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔ان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد، این اے 96 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال شامل ہیں۔اسی طرح پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ لیکن سیلاب کی سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔مزید کہا گیا کہ سیلاب کے باعث پنجاب میں سرکاری اور نجی انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے جن میں سرکاری سکولز کی عمارات بھی شامل ہیں ۔ یہ عمارتیں پولنگ سٹیشن کے قیام اور الیکشن ریکارڈ سٹور کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریسکیو اور ریلیف اپریشن میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ کے لیے الیکشن ڈیوٹی انجام دینا مشکل ہے۔’کچھ حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے آگاہ کیا ہے کہ پولنگ سٹاف ریلیف اپریشنز میں مصروف ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے نئے پولنگ افسران کی تقرری کی درخواست کی ہے۔‘
الیکشن کمیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ حلقوں کے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی درخواست کی۔ ضمنی الیکشن کے لیے تقرر کردہ پولنگ سٹاف کا تعلق مختلف سرکاری محکموں سے ہے۔ سیلاب ریلیف اپریشن میں مصروفیات کے باعث پولنگ افسران اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ متعلقہ حلقوں کی آبادی سیلاب کے باعث بے گھر ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ حلقوں کے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان اور ڈسپلیسڈ ووٹرز کی وجہ سے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔ حالات معمول پر انے کے بعد الیکشن عمل کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔