راولپنڈی : پاکستان نیوی کے تین سینئر افسران کو کموڈور سے ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والے افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترقی پانے والے افسران میں ریئر ایڈمرل محمد شہناواز کو وزارتِ دفاعی پیداوار (MoDP) میں ڈائریکٹر جنرل امنیشنز پروڈکشنز (DGMP) مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دفاعی ساز و سامان کی تیاری اور مقامی پیداوار کے شعبے میں اپنے تجربے کو بروئے کار لائیں گے۔
ریئر ایڈمرل عاصم سہیل ملک کو ڈائریکٹر جنرل سی 4 آئی (DG C4I) تعینات کیا گیا ہے۔ وہ کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انٹیلی جنس کے نظام کو مزید جدید بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ریئر ایڈمرل سہیل احمد عظمی کو کمانڈر سنٹرل پنجاب تعینات کیا گیا ہے، جہاں وہ اس خطے میں پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور انتظامی امور کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔
ترقی پانے والے افسران نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دی ہیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا جاتا رہا ہے۔