حکومت پنجاب نےصوبے بھر میں مقیم افغان شہریوں کو صوبائی ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس میں اس حوالے سے حتمی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے متعلقہ محکموں کو افغان شہریوں کا جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے، رجسٹریشن اور نگرانی کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ غیر قانونی رہائش اختیار کرنے والے افغان شہریوں اور ان کے کاروباروں کے خلاف صوبے بھر میں کومبنگ آپریشن کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف آئی اے اور محکمہ داخلہ کے افسران مشترکہ طور پر حصہ لیں گے۔ غیر قانونی غیرملکی باشندوں کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق فوری طور پر ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کے لیے وسل بلوئر سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اطلاع دینے والے کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت افغان شہریوں کے لیے ٹیکس رجسٹریشن، قانونی کاروباری اجازت نامے اور عارضی رہائشی اسناد کے اجرا کا شفاف نظام تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ صوبے میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلیٰ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے کی معیشت کو دستاویزی اور منظم بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے جس سے غیر قانونی معیشت کے حجم میں کمی اور ٹیکس محصولات میں اضافہ متوقع ہے۔