پاکستان میں کاروبار کے دروازے غیر ملکیوں کے لیے کھل گئے، افغان شہری بھی بزنس کر سکیں گے؟

image

وفاقی حکومت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نئی بزنس ویزہ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق اس پالیسی کے تحت پاکستان میں کاروبار کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو باقاعدہ بزنس ویزے جاری کیے جائیں گے۔ نئی پالیسی کا مقصد سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا اور ملک میں کاروباری مواقع بڑھانا ہے۔

ذرائع کے مطابق بزنس ویزہ رکھنے والے غیر ملکیوں کو ملٹی پل انٹری ویزہ دیا جائے گا جس کے ذریعے وہ بار بار اجازت کے بغیر پاکستان آ کر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔

اہم پیش رفت کے طور پر نئی پالیسی میں افغان شہریوں کو بھی بزنس ویزہ کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے وہ قانونی طور پر پاکستان میں کاروبار کر سکیں گے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدام قانونی کاروبار کے فروغ، اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے کیا جا رہا ہے۔ پالیسی کے ذریعے غیر ملکی کاروباری افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور ان کے کاروبار کو رجسٹرڈ کرنے کا عمل بھی آسان بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بزنس ویزہ پالیسی کا مسودہ وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ کی مشاورت سے تیار کیا جا رہا ہے جسے جلد وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، کاروباری ماحول کو بہتر بنانا اور علاقائی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US