مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، جاں بحق افراد کی تعداد 907 ہوگئی

image

اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہ کاریوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک مختلف حادثات اور بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 907 تک جاپہنچی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا میں ہوئیں جہاں 502 افراد جان کی بازی ہار گئے، پنجاب میں 233، سندھ میں 58، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق زخمیوں کی مجموعی تعداد بھی ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ پنجاب میں 654 افراد، خیبر پختونخوا میں 218، سندھ میں 78، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 52، آزاد کشمیر میں 34 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 7 ہزار 848 مکانات متاثر ہوئے جن میں سے 5 ہزار 903 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 1945 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اس کے علاوہ 26 جون سے اب تک 6 ہزار 180 مویشی بھی ہلاک ہوئے جس سے متاثرہ علاقوں میں غذائی اور مالی بحران مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو الرٹ رہنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US