اسلام آباد، راولپنڈی اور ٹیکسلا میں تیز بارش، ژالہ باری، اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

image

اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں تک مزید بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ٹیکسلا اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ تاہم شہریوں، خصوصاً بچوں نے ژالہ باری سے لطف اندوز ہو کر موسم کو خوب انجوائے کیا۔ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں خاص احتیاط برتیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا تھا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گرمی کے باعث بننے والے ’ٹاورنگ کومولس بادلوں‘ کے سسٹم نے خطرہ بڑھا دیا ہے، جو گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں جبکہ طوفانی بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے اور بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا اندیشہ ہے۔

ادارے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام درختوں اور کمزور عمارتوں کے قریب نہ جائیں، گاڑیاں محفوظ جگہ پر پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

مزید برآں، این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے متعلق ادارے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US