لائیو: ملتان کو آئندہ 72 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا رہے گا: ڈی جی پی ڈی ایم اے

image
اہم نکاتملتان کو آئندہ 72 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا رہے گا: ڈی جی پی ڈی ایم اے

اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ :این ڈی ایم اے

سمندری راستے غیرقانونی طور پر ایران جانے والے 24 افراد گرفتار

اسلام آباد میں یوم شہدا کی تقریب، ’ایئر فورس ملکی دفاع کے لیے تیار‘

صوبائی ڈایزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ گجرات میں پچھلے 24 گھنٹوں سے سیلابی صورتحال تھی۔ اگلے 24 گھنٹوں میں گجرات کلیئر ہو جائے گا۔‘

 ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اتوار کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ تریموں کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے۔ راوی اور جسڑ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آئی ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’پنجاب میں 26 اگست سے اب تک 56 جانوں کا نقصان ہوا ہے۔‘

’اب تینوں دریاؤں میں پانی میں کچھ کمی آ رہی ہے۔ ستلج میں اب پانی بہت زیادہ نہیں بڑھ رہا۔ راوی میں بھی پانی کم ہو رہا ہے۔ ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ہمیں بند توڑنا پڑا۔‘

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ’اس سیزن میں سب سے زیادہ تباہی چناب نے کی ہے۔ اس کا ریلا اب تریموں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہمیں خدشہ ہے اس کی سطح اگلے 12 سے 18 گھنٹے میں پچھلے ریلے سے زیادہ ہو گی۔‘

’جب تریموں کا پانی مزید تیزی سے آئے گا تو ملتان میں اگلے کم از کم 72 گھنٹے یہی سیلابی صورتحال رہے گی۔ جو دیہات پانی میں ہیں، وہاں پیچھے سے آںے والا پانی زیادہ مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔‘

’اس کے علاوہ ہیڈ پنجد پر بھی پانی کی سطح جمع ہو رہی ہے۔ اس وقت مظفرگڑھ میں پانچ لاکھ کیوسک سے پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔‘

اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ :این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ الرٹ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ الرٹ میں میں کہا گیا ہے کہ ’اگلے  دو سے چھ گھنٹوں میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گردونواح میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ’گزشتہ روز گرمی کی وجہ سے  ٹاورنگ کومولس بادلوں کا سسٹم بنا جو کہ بجلی کے گرنے، گرج چمک کے موسلادھار بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔‘

’پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔ طوفانی بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان اور بجلی بند ہونے کا امکان ہے۔‘

سمندری راستے غیرقانونی طور پر ایران جانے والے 24 افراد گرفتار

پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) نے غیرقانونی طور پر سمندر کے راستے ایران جانے 24 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائی کمپوزٹ سرکل گوادر نے جیوانی میں کی اور گرفتار ملزمان میں 11 کا تعلق گوجرانوالہ سے، سات کا تعلق حافظ آباد اور چھ کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان ملزمان نے ایران سے غیرقانونی طور پر دیگر ممالک جانا تھا۔‘

اسلام آباد میں یوم شہدا کی مرکزی تقریب، ’ایئر فورس ملکی دفاع کے لیے تیار‘

پاکستان کی فضائیہ سات ستمبر کو یوم شہداء کے طور پر منا رہی ہے اور اس سلسلے میں مرکزی تقریب ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی ہے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس تقریب میں میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

بیان  کے مطابق ’تقریب کا آغاز قرآن خوانی اور سنہ 1965 اور سنہ 1971 کی جنگوں کے شہداء سمیت تمام جانبازوں کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔‘

اس موقعے پر ایئر چیف نے اپنے خطاب میں پاکستان ایئر فورس کی قربانی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی روایت کو سراہا اور کہا کہ ’ایئر فورس بدلتے عالمی حالات میں ملکی دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔‘

’انہوں نے خلا، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مقامی دفاعی پیداوار میں صلاحیتیں بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’تقریب کے اختتام پر ایئر چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔‘

اے ایس پی شہر بانو نقوی ایشیا سوسائٹی 21 نیکسٹ جنریشن فیلو شپ کے لیے منتخب

 پاکستان کی ایک پولیس افسر اے ایس پی شہربانو ایشیا سوسائٹی 21 نیکسٹ جنریشن فیلو شپ کے لیے منتخب ہو گئی ہیں۔

پنجاب پولیس کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’ایشیا سوسائٹی نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو کلاس آف 2025ء میں معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ، سسٹم میں تبدیلی کے حوالے سے گراں قدر کاوشوں اور خدمات کے لیے منتخب کیا ہے۔‘

بیان کے مطابق ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ کے لیے خطے کے 27 ممالک سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 30 افراد کی غیرمعمولی کارکردگی زیرغور آئی جس کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی کو پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا۔‘

’اے ایس پی شہر بانو نقوی ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلو شپ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون پولیس افسر ہیں۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US