انصاف کی بروقت فراہمی اور شفافیت اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ

image

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ رولز کی تیاری کے لیے تمام ججز سے رائے لی گئی تھی جن ممبران کو اعتراض ہے وہ اپنی تحریری رائے پیش کریں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتوں کا مقصد عوام کو بروقت اور شفاف انصاف فراہم کرنا ہے اور اس سمت میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ فیسیلیٹیشن سینٹر یکم اکتوبر سے کام شروع کرے گا جہاں کیسز سے متعلق تمام معلومات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید موثر بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے ای سروسز کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مقدمات کو جلد نمٹانا ترجیحات میں شامل ہے اور عدالتی نظام میں شفافیت انصاف فراہم کرےگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جلد سماعت کی درخواستیں طویل عرصہ زیر التوا رہتی تھیں لیکن اب اندرونی آڈٹ کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ سپریم کورٹ رولز میں ججز کی چھٹیوں کا معاملہ واضح کر دیا گیا ہے اور عدالتی تعطیلات کے دوران کسی جج کو اجازت کی ضرورت نہیں لیکن عام تعطیلات کے علاوہ چھٹی کے لیے بتانا ضروری ہوگا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف 64 شکایتیں نمٹائی گئی ہیں جبکہ 72 شکایات ممبران کو رائے کے لیے بھیجی گئی ہیں اور 65 کیسز زیر التوا ہیں جنہیں جلد نمٹادیا جائے گا۔ اس حوالے سے رواں ماہ کے آخر میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ ججز کے پروٹوکول میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میرے ساتھ پہلے 9 سکیورٹی گاڑیاں ہوتی تھیں لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ ریڈ زون میں عدالت اور رہائش ہونے کی وجہ سے اتنی سکیورٹی کی ضرورت نہیں اب صرف 2 گاڑیاں رکھی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US