پاکستان 2030 تک 60 فیصد توانائی قابلِ تجدید ذرائع سے حاصل کرے گا، وزیر توانائی

image

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان 2030 تک اپنی توانائی مکس میں 60 فیصد حصہ قابلِ تجدید ذرائع سے حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ای سی او کلین انرجی سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں سولر انقلاب تیزی سے جاری ہے اور نیٹ میٹرنگ کے ذریعے گھروں اور کاروباروں کے لیے 5.8 گیگاواٹ شمسی کیپیسٹی پہلے ہی نظام میں شامل ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت گرڈ کی مجموعی صلاحیت میں 42 فیصد سے زائد حصہ قابلِ تجدید ذرائع پر مشتمل ہے اور گزشتہ برس بجلی کی پیداوار میں نصف سے زیادہ صاف توانائی سے حاصل ہوئی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان ای سی او کلین انرجی سینٹر کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے جو کہ خطے میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہوا، ہائیڈرو اور شمسی وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں اور حکومت نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسی و ریگولیٹری فریم ورک فراہم کر رہی ہے۔

وزیر توانائی نے بتایا کہ پاکستان دیہی علاقوں میں مائیکرو گرڈز اور غیرمرکزی توانائی نظام کے ذریعے دور دراز آبادیوں کو بھی صاف بجلی فراہم کر رہا ہے۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تجربات اور کامیابیاں رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرے گا اور سی ای سی ای سی او خطے میں سرحد پار توانائی تبادلے، مشترکہ انفراسٹرکچر اور سبز گرڈ کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US