"مجھے ہمیشہ سے یہ سننے کو ملتا رہا ہے کہ میری شکل کرینہ کپور جیسی ہے، یہ بات تب سے سن رہی ہوں جب میں اس فیلڈ میں بھی نہیں آئی تھی۔ کہتے ہیں دنیا میں 6 لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی شکلیں ایک جیسی ہوتی ہیں، تو میرا ماننا ہے کہ میں دوسرا شخص ہوں جو کرینہ کی ہم شکل ہے۔"
یہ انکشاف حال ہی میں اداکارہ سارہ عمیر نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے شو "دی بَز" میں کیا، جو حسن چوہدری ہوسٹ کرتے ہیں۔ سارہ عمیر، جو "تماشا" کے پانچویں ہفتے میں ایلیمنیٹ ہوگئی تھیں، اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے ساتھ ساتھ اب اپنی شکل کی مماثلت کے حوالے سے بھی خبروں میں ہیں۔
سارہ عمیر نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ 2008 میں پی ٹی وی کے ڈرامے "تھوڑا سا آسمان" سے آغاز کیا اور پھر "روج"، "کٹھ پتلی"، "مایے نی"، "معاملات" اور "دل بھٹکے" جیسے مشہور ڈراموں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے ریئلٹی شو "دیسی کڑیاں" کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔ شادی کے بعد وہ کافی عرصہ انڈسٹری سے دور رہیں اور معروف ڈائریکٹر محسن طلعت کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی اور دو بیٹوں کی پرورش پر توجہ دیتی رہیں۔
تاہم، حالیہ دنوں ان کی کرینہ کپور سے مشابہت پر ہونے والی گفتگو نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ سارہ عمیر اور کرینہ کپور میں کوئی خاص مماثلت نہیں ہے۔ ایک مداح نے لکھا: "آپ کرینہ کپور جیسی بالکل نہیں لگتیں لیکن آپ بہت خوبصورت ہیں۔" کسی اور نے کہا: "کرینہ سے کوئی مشابہت نہیں ہے۔" البتہ کچھ مداحوں نے ان کی بات کی تائید بھی کی۔ ایک صارف نے کہا: "آپ کا چہرہ کرینہ سے ملتا ہے۔" جبکہ ایک اور نے تعریف کرتے ہوئے لکھا: "آپ کی شکل کچھ حد تک کرینہ جیسی ہے مگر آپ زیادہ حسین لگتی ہیں۔" جبکہ ایک مداح کا کہنا تھا کہ کیا یہ بات کرینہ کو پتا ہے۔ خود ستائشی کی بھی حد ہوتی ہے"