کراچی ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اہم کارروائی کرتے ہوئے صومالیہ جانے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر محسن نواز، جو پاکستانی پاسپورٹ اور ورک ویزا پر سفر کر رہا تھا، کا تعلق ہری پور سے ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا ویزا ٹمپرڈ تھا۔ تحقیقات کے مطابق محسن نواز نے جعل سازی کرتے ہوئے صومالیہ کا ایمپلائمنٹ کیٹیگری ویزا پیش کیا جبکہ اصل ویزا "ہالیڈے" کیٹیگری کا نکلا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایئرلائن اور آن لائن ریکارڈ کے مطابق بھی مسافر کا ویزا جعلی اور ٹمپرڈ شدہ پایا گیا۔ مزید انکشاف ہوا کہ مسافر نے یہ ویزا اور ٹکٹ محمد واصح نامی ایجنٹ سے حاصل کیا تھا، جو دبئی سے واٹس ایپ کے ذریعے ویزا بھجواتا رہا۔ ایجنٹ نے جعلی ویزے کے عوض بھاری رقوم وصول کیں اور پروٹیکٹر اسٹیمپ لگوانے میں بھی معاونت فراہم کی۔ مسافر نے پروٹیکٹر اسٹیمپ کے لیے 44 ہزار روپے ادا کیے۔
ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا، جبکہ ایجنٹ اور نیٹ ورک کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔