ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں نجی اسپتال کے اخراجات ادا کرنے کے لیے نومولود کو فروخت کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تاہم ملیر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرلیا اور اسے والدین کے حوالے کردیا۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق جس نجی کلینک میں نومولود کی ولادت ہوئی تھی اسے بھی سیل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ڈاکٹر اور اسپتال کی ملازمہ شمع کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون شمع بلوچ نے اخراجات کی ادائیگی کے بہانے نومولود کو پنجاب میں فروخت کر دیا تھا۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے لیکن تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس نے نومولود کو پنجاب سے بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا ہے جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔