اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم عاقب نعیم نے گزشتہ شب آئی ایٹ مرکز میں ہلڑ بازی کی، پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں، دھمکیاں دیں اور ایک اہلکار کو تھپڑ بھی جڑ دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ انتہائی بدتمیزی کی، موقع پر موجود شہریوں نے اس کی ویڈیوز بھی بنائیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ آئی نائن پولیس نے ملزم کو گاڑی سمیت گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق عاقب نعیم اس سے قبل پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک صحافی پر بھی تشدد کر چکا ہے، جس کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ درج کرانے کے لیے صحافی کی جانب سے درخواست دی جا چکی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔