انسدادِ منشیات فورس نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 73.849 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 65 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق خصوصی توجہ تعلیمی اداروں کے اطراف پر دی گئی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ اٹک کی فاروق اعظم کالونی میں یونیورسٹی کے نزدیک کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 47 گرام ہیروئن اور 42 گرام آئس ملی۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
کسٹم چوک پشاور کے قریب سے 2 کلوگرام چرس، گلگت میں مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 14.4 کلوگرام چرس، جبکہ چکلالہ راولپنڈی میں برطانیہ سے آئے پارسل سے 30 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ اسلام آباد موٹروے پر ایک گاڑی سے 4.8 کلوگرام افیون اور 25.2 کلوگرام چرس ملی۔
گوجرانوالہ میں دو کارروائیوں کے دوران 200 گرام ویڈ، 3.6 کلوگرام افیون اور 21.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جب کہ حیدرآباد کے کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں 730 گرام آئس پکڑی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے کہا کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔