اینٹی نارکوٹکس فورس نے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے منظم گروہ کے تین اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا جبکہ لاہور میں جدید ڈرون تیار کرنے والے غیر قانونی یونٹ کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی قصور میں بھیڈیاں کلاں روڈ پر ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں اور ذاتی سامان سے 9 کلو گرام ہیروئن، ایک کواڈ کاپٹر ڈرون اور متعلقہ آلات برآمد کیے گئے۔ دو ملزمان کو موقعے سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد اے این ایف نے بیک ٹریکنگ کے ذریعے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی اور لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں قائم ایک غیر قانونی ڈرون اسمبلی و مینوفیکچرنگ یونٹ کا پتہ لگایا جس کا نام روبوٹکس بتایا جاتا ہے۔
فیکٹری سے متعدد جدید ڈرون سسٹمز، جن میں ہیگزا کاپٹرز، کواڈ کاپٹرز اور فکسڈ وِنگ وی ٹولز شامل ہیں قبضے میں لے لیے گئے جبکہ مالک کے رشتہ دار کو جو یونٹ میں فنانس کی ذمہ داری سنبھالتا تھا گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈرونز کو ایک ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن کے لیے اسمبل اور مرمت کیا جاتا تھا تاکہ انہیں سرحد پار منشیات منتقلی میں استعمال کر کے نگرانی سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر نوجوان نسل تک ہیروئن جیسی تباہ کن منشیات پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر اے این ایف جدید انسدادی اقدامات سے اس خطرناک رجحان کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔