جوڈیشل مجسٹریٹ نے جوا پروموشن کیس میں ملزم یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی ضمانت خارج ہونےکا حکم نامہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی ضمانت خارج کرنے کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم بڑے پیمانے پر جوئے کی ایپلی کیشن کی پروموشن کرتا رہا جبکہ اس کے لاکھوں نوجوان مداح ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ایسے سوشل میڈیا انفلوئنسر کی غلطی معاشرتی بگاڑ کا باعث بنتی ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا کہ ڈکی بھائی نے کبھی اس بات سے انکار نہیں کیا کہ اس نے جوئے کی پروموشن نہیں کی۔ مزید بتایا گیا کہ ملزم کو جوئے کی پروموشن کے عوض 3 لاکھ 26 ہزار 420 ڈالرز موصول ہوئے۔
عدالت کے مطابق ملزم کے وکیل یہ ثابت نہیں کر سکے کہ مذکورہ رقم جوئے کی کمپنی سے نہیں ملی اور نہ ہی اس کے ذرائع کی وضاحت کر پائے۔ وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ وکیل کے مطابق انکوائری کے دوران ڈکی بھائی کو نوٹس موصول نہیں ہوا اور نہ ہی ایسا کوئی بیان سامنے آیا جس سے کسی کو نقصان پہنچنے کا ثبوت ملے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ پیش کردہ شواہد کے پیش نظر ضمانت خارج کی جاتی ہے