حادثات کی روک تھام کیلیے حکومت سندھ کا بڑا فیصلہ، بھاری گاڑیوں پر نئی پابندیاں عائد

image

حکومت سندھ نے ٹریفک قوانین اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سندھ موٹر وہیکل رولز 1969 میں اہم ترامیم کر دی ہیں جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق یہ ترامیم ایک سال کے اندر نافذ العمل ہوں گی اور اس دوران تمام بھاری کمرشل گاڑیوں کے لیے روڈ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تمام بھاری کمرشل گاڑیوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے قائم کردہ مراکز سے فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا۔ نئی ترامیم کے تحت گاڑیوں کی عمر کی حد بھی مقرر کی گئی ہے جس کے تحت انٹر پروونشل روٹس پر 20 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کو پرمٹ نہیں ملے گا اور انٹر سٹی روٹس پر 25 سال سے زائد پرانی گاڑیاں نہیں چل سکیں گی۔ اسی طرح شہری حدود میں 35 سال سے زائد پرانی گاڑیوں پر پابندی ہوگی۔

کسی بھی بھاری یا ہلکی کمرشل گاڑی کو بغیر جدید ٹریکنگ اور حفاظتی نظام کے سڑک پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر گاڑی میں جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس، سامنے اور پچھلے رخ کے ہائی ڈیفینیشن کیمرے، ڈرائیور مانیٹرنگ کیمرا اور 360 ڈگری کیمرہ سسٹم لگانا ہوں گے۔

اس کے علاوہ انڈر رن پروٹیکشن گارڈز بھی لازمی نصب کیے جائیں گے تاکہ حادثات کے دوران چھوٹی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں تلے آنے سے محفوظ رہ سکیں اور یہ تمام آلات مکمل فعال حالت میں ہونے چاہئیں بصورت دیگر گاڑی کو رجسٹریشن، فٹنس سرٹیفکیٹ، پرمٹ یا ملکیت کی منتقلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر کسی گاڑی میں یہ نظام نصب نہ پایا گیا یا انہیں جان بوجھ کر خراب کیا گیا تو بھاری جرمانے کیے جائیں گے جس کے تحت گاڑی کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا اور 14 دن کے اندر اصلاح نہ ہونے پر رجسٹریشن مستقل طور پر منسوخ کر دی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ترامیم عوام کے جان و مال کے تحفظ، حادثات میں کمی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک نظام کو شفاف بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ پرانی اور ناقص گاڑیاں ہیں اب کسی بھی بھاری گاڑی کو بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور حفاظتی آلات کے سڑکوں پر نہیں چلنے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس، ایکسائز پولیس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ قوانین کے نفاذ میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ جدید نظام نہ صرف شہریوں کو ریلیف دے گا بلکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھی جدید خطوط پر استوار کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US